کاروار 13 / جولائی (ایس او نیوز) گزشتہ چند دنوں سے چل رہی برسات کی وجہ سے کاروار بیلگاوی ریاستی ہائی وے کے انشی علاقہ میں بار بار زمین اور پہاڑی کھسکنے کے معاملے پیش آ رہے ہیں ۔ اس پس منظر میں ضلع انتظامیہ نے دو چار دن قبل اس علاقے میں روزانہ شام 7 بجے سے صبح 7 بجے تک موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگائی تھی ۔
لیکن افسران کے جائزے کے بعد اب یہاں کی صورتحال مزید خراب اور اس سڑک پر حادثے کے خدشات زیادہ ہونے کی بات سامنے آنے پر ضلع ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے تاحکم ثانی اس راستے پر ٹریفک کو پوری طرح ممنوع قرار دیا ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی کچھ ایسی صورتحال پیدا ہوئی تھی جس کے بعد تقریباً دو مہینے تک اس سڑک پر موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگائی گئی تھی ۔ اس طرح کی پابندی سے جوئیڈا ، کاروار کے علاوہ بیلگاوی ، ہلیال ، ڈانڈیلی جیسے شہروں میں بسنے والوں کے لئے بڑی مشکلات اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
اس مرتبہ پابندی لگانے کے بعد ضلع ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ برسات کم ہونے کے بعد یہاں دوبارہ معائنہ کیا جائے گا اور جو رپورٹ ہوگی اس کی بنیاد پر اگلا اقدام کیا جائے گا۔